Time 17 فروری ، 2019
پاکستان

28 کھرب روپے کے معاہدوں کے بعد سعودی ولی عہد کا مزید سرمایہ کاری کا اعلان


اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ 28 کھرب روپے کے معاہدے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ ہے، سعودی عرب پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس سے خطاب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت آگے بڑھےگا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ولی عہد بننے کے بعد ان کا یہ ایشیا کا پہلا دورہ ہے اور وہ سب سے پہلے پاکستان آئے ہیں۔

تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے آج ایک عظیم دن ہے ، سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا دوست اور بھائی رہا ہے ، سعودی قیادت اور عوام ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میرے لیے مکہ اور مدینے کا سفر سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، سعودی عرب ہر ضرورت اور مشکل میں ہمارے ساتھ رہا ہے، ہمیں سیاحت کے شعبےمیں بہت کام کرناہے۔

عمران خان نے کہا کہ پیٹروکیمیکل اور معدنیات کے شعبے میں مفاہمت بہت زیادہ اہم ہے، پاکستان اور سعودی عرب اپنے تعلقات کو بلندیوں پر لے جارہے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے بہت مواقع ہیں، سی پیک سے دنیا کی بڑی مارکیٹ سے روابط بڑھیں گے۔

عمران خان عشائیے کے موقع پر خطاب کررہے ہیں، محمد بن سلمان اور آرمی چیف بھی موجود ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی

عمران خان نے مزید کہا کہ سعودی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے ارکان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

مزید خبریں :