28 فروری ، 2019
اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن معطل ہیں تاہم قومی ایئرلائن کی کچھ پروازیں عارضی طور پر بحال کردی گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے مرحلے میں پاکستان سے جانے والی پروازوں کے شیڈول میں صرف پی آئی اے کے لیے نرمی کی گئی ہے۔
پاکستانی فضائی حدود کی جزوی بحالی کے بعد بیرون ملک پھنسے پی آئی اے کے تین طیارے وطن واپس پہنچ گئے۔
پی آئی اے کی پروازیں جدہ ، مسقط اور دبئی سے کراچی پہنچی ہیں۔پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے پاکستانی مسافر بھی واپس آئے ہیں جبکہ اچانک بندش کے اعلان سے غیرملکی ایئرلائنوں کے پھنسے طیاروں کو بھی فیری فلائٹ کرکے جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پشاور سےعمان ائیرلائن ، قطر ائیرلائن اور ائیرعربیہ کے طیاروں کو جانے کی اجازت دی گئی جبکہ سعودی ائیرلائن کے طیارے کو کراچی سے بغیر کسی مسافروں کے واپس جانے کی اجازت دی گئی۔
ترجمان پی آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ائیرپورٹ روانگی سے قبل ہمارے کال سینٹر سے ضرور رابطہ کریں۔
یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد گزشتہ روز اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں سے پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔
سول ایوی ایشن ذارئع کے مطابق پاکستان فضائی حدود کی بندش کے وقت میں جمعہ کی صبح 8 بجے تک توسیع بھی کردی گئی۔
اسی طرح لاہور کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ، سیالکوٹ، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں پر بھی فضائی آپریشن معطل ہے۔
علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند ہونے کے باعث کل سےاب تک تقریباً انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کی 200 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
برطانیہ کی اپنے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
دوسری جانب برطانوی حکومت نے پاکستان میں اپنے شہریوں کو سفری ہدایات کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ برطانوی شہری پاکستان میں پُرہجوم ، عوامی مقامات اور تقریبات میں جانے سے گریز کریں۔
بنکاک ایئرپورٹ پر 900 پاکستانی مسافر محصور ہو کر رہ گئے، تھائی ایئرویز حکام کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے ان کی 27 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
تھائی ایئرپورٹ پر موجود مسافر سجاد مدنی کے مطابق 900 پاکستانی مسافر ایئرپورٹ پر محصور ہیں اور اب تک پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا جب کہ عمر رسیدہ مسافروں کو ایئرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج منتقل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شپ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا۔