28 فروری ، 2019
لاہور:پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس سروس منسوخ اور دوستی بس سروس واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہوگئی۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے باعث فضائی آپریشن کل سے معطل ہے اور آج مسافر ٹرین بھارت کے لیے روانہ نہ ہوسکی۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس کو آج صبح 8 بجے بھارت کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم کشیدہ صورتحال کے باعث مسافر ٹرین کی روانگی منسوخ کردی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے، صورتحال بہتر ہونے پر آپریشن بحال کردیا جائے گا۔
ریلوےحکام کا کہنا ہے کہ ویزےکی مدت ختم ہونے پر بھارتی مسافروں کو ان ہی ویزوں پر بھیجا جائے گا۔
پاکستان سے 12 اور بھارت سے 44 مسافر پاکستان آنے کے منتظر جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کی معطلی کے بعد مسافروں کو واہگہ کے راستے بھیجنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے بھارت جانے والی دوستی بس سروس معمول کے مطابق روانہ ہوچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق دوستی بس میں 42 مسافروں کی گنجائش ہے لیکن صرف 3 مسافر امیگریشن کلیئر ہونے کے بعد بھارت روانہ ہوئے جب کہ بھارت کی طرف سے بھی دوستی بس پاکستان آنے کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
ادھر اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں پر بھی فضائی آپریشن معطل ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شپ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا۔