Time 01 مارچ ، 2019
پاکستان

گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے


لاہور: پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

بدھ کے روز پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے والے بھارتی مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاک فوج کے جوانوں نے مشتعل ہجوم سے بچایا اور گرفتار کر لیا۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا جائے گا۔

وزیراعظم کے اعلان کے بعد آج بھارتی پائلٹ کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچایا گیا جہاں پر رینجرز حکام نے اپنی کارروائی مکمل کرکے اسے بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات نے بھارتی پائلٹ رہا کرنے کے پاکستان کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، یورپی کونسل کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی جانب سے اچھا شگون ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے یہ ہی موقع ہے۔

پائلٹ کی رہائی کااعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارت کو یہ بھی پیغام بھی دیا کہ پاکستان کی جانب بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔

مزید خبریں :