09 مارچ ، 2019
کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے پاکستان میں ہونے والے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے شکست دیکر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین آفریدی نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر جارح مزاج لیوک رونکی کو سلپ میں حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
تیسرے اوور میں لیمی چانے نے سالٹ کو بھی آؤٹ کر دیا لیکن اس کے بعد کیمرون ڈیلپورٹ اور چیڈوک والٹن کے درمیان 128 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔
پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری
والٹن 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن دوسری جانب ڈیلپورٹ نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری داغ دی۔ انہوں نے 49 گیندوں پر 6 چھکے اور 11 چوکے لگا کر اپنی سنچری اسکور کی۔
آصف علی نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 6 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی اور پی ایس ایل میں کامران اکمل کا تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ برابر کر ڈالا۔
ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور
کیمرون ڈیلپورٹ 117 اور آصف علی 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد نے 238 رنز اسکور کیے جو پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔
شاہین آفریدی مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے
لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 60 رنز اسکور دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے علاوہ لیمی چانے نے 46، ڈیوڈ ویسے نے 44 اور حارث رؤف نے 40 رنز دیئے۔
اسلام آباد کی جانب سے دیئے گئے 239 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا سکی۔
لاہور کی جانب سے فخر زمان اور ڈیوسچ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 51 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ ڈیوسچ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف نے خطرناک فخر زمان کو بھی 38 رنز پر آؤٹ کیا اور اس کے بعد لاہور کی وکٹیں ایک کے بعد ایک کر کے گرتی رہیں لیکن سہیل اختر کا بلا رنز اگلتا رہا۔
سہیل اختر نے 34 گیندوں پر 75 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے۔
اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 19 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو پی ایس ایل کی ایک اننگز میں بیسٹ بولنگ فیگر ہے۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |