10 مارچ ، 2019
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے آئی سی سی سے فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ بھارت کے معاملہ پر آئی سی سی سے بات کی ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ بی سی سی آئی کی حرکات پر آئی سی سی کو ایک خط لکھا، اور دوسرا لکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو ہماری پوزیشن معلوم ہے، آئی سی سی سے بھارت کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت نے 2 بار کرکٹ کو سیاست کا شکار بنایا جس سے اس کی پوزیشن خراب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں عمران طاہر اور معین علی کے خلاف بھی کارروائی کی گئی لہذا بھارت کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔
پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے متعلق سوال پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں سیکیورٹی ماہرین کو بلانے کا مقصد یہاں کی سیکیورٹی پر بریف کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ہر طرف سے مثبت جواب ملا ہے۔
خیال رہے کہ 8 مارچ کو بھارتی ٹیم نے رانچی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلا تھا لیکن اس میچ میں اسے منہ کی کھانی پڑی تھی۔
وزیر خزانہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھارتی ٹیم کی اس حرکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جینٹلمین گیم کو سیاست کی نذر کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔