17 مارچ ، 2019
اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر حملوں کے واقعے پر غور کے لیے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس 22 مارچ کو طلب کرلیا۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبان ترکی کرے گا اور استنبول میں 22 مارچ کو وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کرائسٹ چرچ واقعے پر غور ہوگا جب کہ اجلاس میں اسلامو فوبیا کی وجوہات اور اس کے بھیانک نتائج کا جائزہ بھی لیا جائےگا۔
ترکی نے تنظیم کے تمام رکن ممالک سے اپیل کی ہے کہ وزرائے خارجہ اجلاس میں متعلقہ وزیر شرکت یقینی بنائیں۔
پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی ترکی کو یقین دہانی کرادی، پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترک ہم منصب سے رابطہ ہوا اور اُن سےکرائسٹ چرچ واقعے پر بات بھی ہوئی ہے، ہم کرائسٹ چرچ واقعے پر اُمّہ کو یکجا کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں ایک ہولناک واقعہ رونما ہوا، جس کا ردعمل دنیا بھر میں آیا، دہشت گردی کے اس واقعے سے پہلے دہشت گرد نے ای میل بھی کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی اجلاس میں خود شرکت کر کے پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔
یاد رہے کہ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے جس میں 50 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، حملہ آور آسٹریلوی سمیت 4 افراد حراست میں ہیں۔