Time 31 مارچ ، 2019
پاکستان

خورشید شاہ 'بے نظیر' اور 'بھٹو' کو بیچنا بند کریں: فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری— فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کرتوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ’بے نظیر‘ اور ’بھٹو‘ کو بیچنا بند کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پیغام میں خورشید شاہ کے لیے لکھا کہ  اداروں کی تباہی میں سب سے بڑا حصہ اُن (خورشید شاہ) کا ہے۔






انہوں نے کہا کہ یہ اس کمیٹی کے سربراہ تھےجنہوں نے اداروں میں میرٹ کے برعکس اور سیاسی بھرتیوں کا انبار لگا دیا جو دیمک اداروں کو لگی اس کا سب سے بڑا کیڑا خورشید شاہ ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ اپنے کرتوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے بے نظیر اور بھٹو کو بیچنا بند کریں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر خورشید شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بینظیر بھٹو کا نام نکالنا چاہتے ہو، اس پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 'محترمہ بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی کے لیے نہیں ملک کے لیے قربانی دی، عمران خان تم بینظیر کا نام ہٹانا چاہتے ہو مگر لوگوں کے دلوں سے کیسے نام ہٹاؤ گے، جو تاریخ خون سے لکھی جائے اس کا نام پانی سے نہیں مٹایا جاسکتا'۔

مزید خبریں :