Time 04 اپریل ، 2019
پاکستان

پیراگون سٹی کیس: خواجہ سعد اور سلمان رفیق کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع


لاہور: پیراگون سٹی کیس میں گرفتار سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی گئی۔

جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر خواجہ سعد اور سلمان رفیق کو نیب عدالت کے جج سید نجم الحسن بخاری کے روبرو پیش کیا گیا۔ 

اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے اور جوڈیشل کمپلیکس کی جانب آنے والے تمام راستوں کو خاردار تاریں لگا کر سیل کردیا گیا۔

خواجہ سعد اور سلمان رفیق کی پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

عدالت نے سماعت کے بعد دونوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 18 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ سابق وزیر ریلوے اور ان کے بھائی پر پیرا گون سٹی سے مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔

سماعت کے بعد خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک کی باگ ڈور نااہل افراد کے ہاتھ میں آگئی ہے، جس ملک کا وزیر خزانہ یہ کہے کہ ملک دیوالیہ ہونے والا ہے وہاں کون سرمایہ کاری کرے گا، عمران خان نے کہا تھا کہ میں انہیں رلاؤں گا، یہ ہر پاکستانی کو رُلا رہے ہیں۔

مزید خبریں :