04 اپریل ، 2019
اسلام آباد: پاکستان کے مقبول ڈرامے رواں برس جون سے سعودی عرب میں عربی زبان میں نشر کیے جائیں گے۔
عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے عالمی تعلقات کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر نے کہا کہ پاکستان کے دو مقبول ڈرامہ سیریلز’ دھوپ کنارے‘ اور ’تنہائیاں‘ کا انتخاب کیا گیا ہے، جو رواں برس جون سے سعودی عرب میں نشر کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ پاکستانی ڈرامے عربی زبان میں سعودی عرب میں نشر ہوں گے۔
ڈرامہ سیریل ’تنہائیاں‘ 1985 اور ’دھوپ کنارے‘ 1987 کے وہ مقبول ڈرامے ہیں جس کے مداح آج بھی دیوانے ہیں اور دونوں ہی حسینہ معین کے تحریر کردہ ہیں۔
’دھوپ کنارے‘ میں ساحرہ کاظمی نے خوبصورت انداز میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دیے جب کہ ‘تنہائیاں‘ کی ہدایت کاری شہزاد خلیل نے انجام دی۔
ڈرامہ سیریل’دھوپ کنارے‘ میں مرکزی کردار اداکارہ مرینا خان اور اداکار راحت کاظمی نے نبھایا تھا جن کی کیمسٹری کو خوب پذیرائی ملی تھی جب کہ ڈرامہ سیریل ’تنہائیاں‘ میں مرکزی کردار مرینا خان اور آصف رضا میر نے نبھایا تھا۔
پی ٹی وی کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر کا سعودی عرب میں ان ڈراموں کے نشر کرنے سے متعلق کہنا ہے کہ یہ قدم صرف معیشت کے لیے نہیں بلکہ اس سے سعودی عرب کے لوگ ہمارے مقامی ٹی وی سیریلز کی پہچان کرسکیں گے اور فنکاروں کے ذریعے انہیں پاکستان کی ثقافت سمجھنے میں مدد مل سکے گی۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ جلد ہی پاکستانی ڈرامے اور فلمیں سعودی عرب میں نشر کیے جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں ثقافت اور میڈیا کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے پر گفتگو کی گئی تھی۔