22 اپریل ، 2019
واشنگٹن: امریکا نے ایرانی تیل درآمد کرنے پر چین، بھارت اور ترکی سمیت کئی ممالک کو انتباہ جاری کردیا۔
امریکا نے گزشتہ سال 5 نومبر سے ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی عائد کی تھی اور ایران سے تیل خریدنے والے کئی ممالک کو 6 ماہ کا وقت دیا تھا اور یہ چھوٹ 2 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔
تاہم اب امریکا نے ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی کا مکمل نفاذ کرتے ہوئے چین اور بھارت سمیت کئی ممالک کو انتباہ جاری کیا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے مطابق ایران سے تیل خریدنے والے ممالک کو دی گئی امریکی چھوٹ ختم کی جا رہی ہے اور ایران پر دباؤ بڑھایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے اتحادیوں کو متبادل ذرائع سے تیل حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے اور اس حوالے ان کی مدد بھی کی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹ میں سعودی عرب اور اوپیک تنظیم میں شامل دیگر ممالک کو ایرانی تیل پر پابندی کی صورت میں تیل کی مطلوبہ پیدوار برقرار رکھنے میں تعاون کا کہا ہے۔
ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے باوجود جاپان، جنوبی کوریا، ترکی، چین اور بھارت ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے تھے تاہم اب امریکا کی جانب سے ان ممالک کو کہا جا رہا ہے کہ وہ ایرانی تیل کی خریداری روک دیں بصورت دیگر انہیں پابندیوں کا سامنا ہوگا۔