ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کی مسلسل مخالفت پر عمران خان کا جاوید میانداد کو جواب

وزیراعظم عمران خان کے پرانے دوست جاوید میانداد مسلسل ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کی مخالفت کررہے ہیں — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: سابق کرکٹرز کی جانب سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کی مخالفت کے باوجود وزیراعظم عمران خان علاقائی ٹیموں کو فروغ دینے کے بیان پر قائم ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان ملک میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرکے ریجنل کرکٹ سسٹم لانے کا اعلان کرچکے ہیں اور ساتھ ہی کرکٹ بورڈ بھی وزیراعظم کی خواہش پر ایسا ہی ماڈل تیار کرنے میں مصروف ہے۔ 

سابق کرکٹرز کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ میں نئے ماڈل کی شدید مخالفت کی جارہی ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کے پرانے دوست جاوید میانداد بھی شامل ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کئی سوالوں کے جواب دیے۔ 

ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی مخالفت کے باوجود وزیراعظم عمران خان علاقائی ٹیموں کو فروغ دینے کے بیان پر قائم ہیں اور اپنے پرانے دوست کو بھی جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاوید میانداد کی اپنی سوچ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کے اندر علاقائی میچز ہوتے ہیں لیکن پاکستان وہ واحد ملک ہے، جہاں اسپانسر اپنی ٹیم کھلا دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شور مچایا جارہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کررہے ہیں، کرکٹ میں بہت پیسہ ہے لیکن سسٹم کرپٹ ہے، سسٹم ٹھیک کردیں پاکستان کو کوئی نہیں ہراسکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جاوید میانداد نے کراچی پریس کلب میں دیگر قومی ہیروز جہانگیر خان، سید صلاح الدین اور دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کی شدید مخالفت کی تھی۔

مزید خبریں :