کھیل
Time 21 مئی ، 2019

فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی پی پی رہنما منظور وسان کی طرح خواب دیکھنے لگے


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی طرح مستقبل کے حوالے سے خواب دیکھنے لگے۔

ورلڈ کپ 2019 کی آمد آمد ہے اور میگا ایونٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا بھی اعلان کیا گیا ہے، محمد عامر اور وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے کا یقین تھا کیوں کہ چند روز پہلے انضمام الحق نے خواب میں آکر کہا کہ تم سیلیکٹ ہوگئے ہو اور ایک دن بعد خواب سچ ہوگیا، انضمام الحق کی کال آگئی۔

انہوں نے کہا کہ  جب ٹیم سے باہر ہوا تو خراب پرفارمنس پر قوم سے معافی مانگی تھی لیکن اب ٹیم میں شمولیت پر کسی نے انہیں سفارشی کہا تو کوئی کہتا ہے تکا لگ گیا، جو بھی ہے بس سب دعا کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں گزشتہ سال کاؤنٹی کھیلی جو ریورس سوئنگ کرسکے گا کامیاب ہوگا، میں نے ورلڈ کپ کے لیے اپنے آپ کو مکمل فٹ رکھا ہوا تھا اور مجھے یقین تھا کہ میں ورلڈ کپ کا حصہ بنوں گا۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ جب دوسال باہر تھا تو مجھے لگا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، تنقید کرنا آسان ہے مگر لڑکوں کو اعتماد دینا چاہیے، میری والدہ نے دعائیں کی تھیں اور مجھ پر پڑھ کردم کرتی تھیں۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نواب منظور وسان بھی سیاست میں خواب دیکھنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔

مزید خبریں :