26 مئی ، 2019
میران شاہ: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 5 اہلکار زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق محسن جاوید اور علی وزیر کی قیادت میں ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں خارکمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گروہ کے حملے کا مقصد دہشت گردوں کے مشتبہ سہولت کاروں کو چھڑانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح گروہ کی جانب سے چیک پوسٹ پر براہ راست فائرنگ بھی کی گئی، فوجی دستوں نے اشتعال انگیزی کے سامنے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
پاک فوج کے شعتبہ تعلقات عامہ کے مطابق گروہ کی فائرنگ سے 5 فوجی اہلکار زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 حملہ آور مارے گئے اور 10 زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو علاج کیلئے آرمی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ محسن جاوید مجمعے کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے معصوم کارکنوں کو کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، چند افراد مذموم مقاصد کے لیے انہیں اکساکر ریاستی اداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بہادر قبائلیوں کی قربانیاں اور دہائیوں بعد حاصل ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔