Time 27 مئی ، 2019
پاکستان

مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیلئے تحریک انصاف کی درخواست منظور


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے لیے تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ملیکہ بخاری ، کنول شوزب اور فرخ حبیب نے درخواست جمع کرائی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ مریم نواز کی نائب صدر تقرری آئین و قانون سے متصادم ہے، مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ مریم نواز کو 6 جولائی کو احتساب عدالت اسلام آباد سے سزا ہوئی، ان کی سزا پر عملدرآمد معطل ہوا لہٰذا سزا اپنی جگہ پر برقرار ہے۔

الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے وکیل کے دلائل کے بعد درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منطور کرتے ہوئے مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے درخواست پر مزید سماعت 17 جون تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :