27 مئی ، 2019
پشاور: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر سمیت 9 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
تھانہ سی ٹی ڈی بنوں میں انسپکٹر محمد جلیل خان کی مدعیت میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کا مقدمہ درج کیا گیا جس میں دہشت گردی، 302،324 سمیت کُل 10 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق محسن داوڑ اور علی وزیر نے مسلح ساتھیوں سمیت سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جب کہ مقدمے میں مجموعی طور پر 9 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب زیر حراست رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو بنوں کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج بابر علی نے علی وزیر کو 8 روز کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں پانچ جوان زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد مارے گئے تھے۔