28 مئی ، 2019
اسلام آباد: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان کو مدعو نہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں جس پر اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ کا سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خان صاحب تو بڑے فقیر بن گئے ہیں، انہوں نے جنگی حالات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جیت کی دعا کی اور وہ الیکشن جیت گئے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب عمران خان مودی سے مذاکرات کےذریعے مسئلہ کشمیر حل کروا سکیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے بھی اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان مودی کی جیت کے لیے چلہ کاٹتے رہے مگر مودی نے عمران خان کا دل توڑ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی کو ابھی نندن کو رہا کرنے کی نیازی کی ادا بھی پسند نہیں آئی تاہم عمران خان کا دکھڑا صرف مراد سعید بیان کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی انتخابات میں نریندر مودی دوسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوچکے ہیں جن کی تقریب حلف برداری جمعرات 30 مئی کو ہوگی اور وہ دوسری بار وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
نریندر مودی کی تقریب حلف برداری کے لیے سارک کے دیگر رکن ملکوں کے سربراہوں کو دعوت دی گئی ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم کو نہ بُلانا اس بات کا اشارہ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان فوری مثبت پیش رفت کا امکان نہیں۔