وفاقی کابینہ کی فوجی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت، شہید جوان کو خراج عقیدت

کابینہ اجلاس میں بجٹ سے متعلق ابتدائی دستاویز پرغور کیا گیا اور 11 جون کو بجٹ پیش کیا جائے گا: معاون خصوصی برائے اطلاعات کی پریس کانفرنس  — فوٹو: پی آئی ڈی 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں خارکمر چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ 

وفاقی کابینہ نے حملے میں شہید فوجی جوان کو خراج عقیدت پیش کیا، بجٹ سے متعلق ابتدائی دستاویز پر غور ہوا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ 11 جون کو بجٹ پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ وفاقی کابینہ نے چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی ہے، افواج پاکستان اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کو شمالی وزیرستان کی ترقی چبھتی ہے، انہوں نے امن کو داؤ پر لگایا، اس قسم کے واقعات علاقے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، بین الاقوامی ہاتھوں میں کھیل کر کچھ افراد نے معصوم قبائلیوں کو سیاست کا ایندھن بنانے کی کوشش کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ارکان قومی اسمبلی محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں خارکمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔

چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 حملہ آور مارے گئے اور 10 زخمی ہوئے تھے۔ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو کئی لوگوں کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا بعد ازاں انہیں 8 روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا۔

وزیراعظم کی بچوں کے ساتھ جنسی استحصال سے متعلق قوانین میں ترمیم کی ہدایت

فروس عاشق اعوان نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے غلط استعمال سے بچوں کے جنسی استحصال میں اضافہ ہوا ہے، کابینہ اجلاس میں بچوں کے جنسی استحصال کے قوانین میں ترمیم پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے بچوں کے ساتھ جنسی استحصال سے متعلق قوانین میں ترمیم کی ہدایت کی ہے، بچوں کو انٹرنیٹ پر فحش مواد سے محفوظ بنانے کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کچھی کینال کے فنڈز میں کرپشن پر سی سی آئی کے فیصلے کو ایف آئی اے کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بجٹ سے متعلق ابتدائی دستاویز پر بھی غور کیا گیا اور 11 جون کو بجٹ پیش کیا جائے گا، آئندہ بجٹ میں ہماری توجہ معیشت کی بہتری اور بیرونی قرضے ہوں گے، بجٹ میں عام آدمی متاثر نہ ہو،اس پر بھی غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس — فوٹو: عمران خان آفیشل 

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سگریٹ انڈسٹری کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، سگریٹ انڈسٹری سے حاصل ہونے والا ٹیکس صحت کے بجٹ پرخرچ کیا جائے گا، صوبائی اداروں کے وفاق کے پاس آنے کے بعد اِن اداروں کے بجٹ کے لیے مکینزم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی 15 ہزار 790 افراد کے اضافی حج کوٹے کی منظوری

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 15 ہزار 790 افراد کے اضافی حج کوٹے کی منظوری دی ہے، اضافی کوٹے میں 60 فیصد حصہ ان کو دینے کا فیصلہ ہوا جو حج قرعہ اندازی میں ناکام ہوئے ہیں جب کہ اضافی کوٹے کے بقیہ 40 فیصد میں ہارڈشپ مکینرم بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ حاجیوں کو کسی قسم کی مشکلات نہ ہو، اس بار20 ہزار حاجیوں کی امیگریشن اسلام آباد ائیرپوٹ پر ہی ہوگی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کے مطابق وزارتوں کی غیراستعمال شدہ 31 عمارتوں سے متعلق تفصیلات کابینہ میں پیش کی گئی۔

انجمن درداران نیب نے آج فلاپ شو کیا، معاون خصوصی برائے اطلاعات 

یوم تکبیر کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آج یوم تکبیر ہے اور وطن کے تحفظ کی خاطر ہم سب ایک ہیں لیکن ایک خاندان نے آج کے دن بھی عمران خان کو ہی ہدف بنایا، انجمن درداران نیب نے آج فلاپ شو کیا، یہ کہتے ہیں ہم سے نہ پوچھو کہ یہ اثاثے کیسے بنے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صاحب اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کے لیے عمران خان پر تنقید کرتے ہیں، سیاسی بونے جتنا مرضی اونچے بانس پر چڑھ جائیں وہ سیاسی بونا ہی رہتے ہیں، اگر وزیراعظم کی ساکھ نہ ہوتی تو ہمارے دوست ممالک مشکل میں ساتھ نہ دیتے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے کچھ غلط نہیں کیا توآپ بیرون ملک سے پاکستان واپس کیوں نہیں آرہے، ضمیر کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہوتی ہے اور جن کا دامن صاف ہوتا ہے وہ اپنے بچوں کے کندھوں پر رکھ کر بندوق نہیں چلاتے، مریم صفدر بار بار ایسی زبان استعمال کرتی ہیں جس کی معاشرتی اقدار اجازت نہیں دیتی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جواب دینا ہمیں بھی آتا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ معاشرے کی حدود پھلانگی جائے، عمران خان ان گیدڑ بھبھکیوں سے نہ ڈرنے والا ہے نہ جھکنے والا ہے، اپوزیشن کے ہتھکنڈوں سے کوئی لینا دینا نہیں، ہم اپنی سمت میں چل رہے ہیں۔

مزید خبریں :