28 مئی ، 2019
پاکستان اگلے سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا تاہم میچز کس شہر میں ہوں گے یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
اس بات کا فیصلہ سنگاپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کی۔
اجلاس میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیشن اور افغانستان کے حکام نے بھی شرکت کی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر میں ہوگا جبکہ پاکستان ایشیا کپ ٹورنامنٹ ستمبر میں کرائے گا۔
2008 میں کراچی نے 50 اوورز کے ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی۔ ایشین کرکٹ کونسل اپنے نشریاتی حقوق فروخت کرنے اور دفتر قائم کرنے کیلئے جلد کام شروع کردے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چین میں 2022 میں ہونے والے ایشین گیمز میں کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے۔ 2018 کے ایشین گیمز میں کرکٹ شامل نہیں تھا۔
ایشین کرکٹ کونسل چین میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور دیگر کاموں کا جائزہ لے گا۔ اس سے قبل گوانگ ژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں کرکٹ شامل تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ جلد ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے شہر کا نام فائنل کرکے تیاری شروع کردی جائے گی۔