13 دسمبر ، 2018
ڈھاکا: پاکستان میں کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020 کی میزبانی پاکستان کو دے دی۔
میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا البتہ میچز کہاں کہاں ہوں گے اس کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصہ پہلے کیا جائے گا۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر 2020 میں منعقد کیا جائے گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور ایک ٹورنامنٹ 50 اوور اور اگلا 20 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے۔
رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 50 اوورز کے فارمیٹ تحت متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ٹورنامنٹ پہلے بھارت میں ہونا تھا تاہم بھارت نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔
اس کے بعد اپریل 2018 میں پاکستان نے بھارت میں جا کر کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے گئی تھی۔
ملائیشیا میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف تھا کہ جب بھارت پاکستان کا دورہ نہیں کرتا تو گرین شرٹس بھی بھارت نہیں جا سکتے۔
کونسل نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے دی تھی۔
اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات بہتر نہیں ہوتے اور بھارت بھی 2020 میں پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔