29 مئی ، 2019
لاہور: حمزہ شہباز نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو جواب جمع کرا دیا۔
جیونیوز کے مطابق نیب نے حمزہ شہباز کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا اور انہیں اس حوالے سے مراسلہ بھی جاری کیا گیا تھا جس میں لیگی رہنما کو صبح ساڑھے 9 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، انہیں اپنی صفائی میں دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
حمزہ شہباز نیب کے روبرو پیش نہیں ہوئے تاہم انہوں نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کو تحریری جواب بھجوا دیا ہے۔
رہنما ن لیگ کی جانب سے نیب کو بھجوائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ میرے تمام اثاثے الیکشن کمیشن اور ٹیکس اتھارٹی میں ڈکلیئرڈ ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ مجھے نیب پر شدید تحفظات ہیں، چیئرمین نیب کے حالیہ انٹرویو میں ان کی جانبداری ظاہر ہوتی ہے، میری نظرمیں نیب اپنی ساکھ کھو بیٹھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب جس معاملے پر طلب کر رہا ہے، اس کا تفصیلی جواب دے چکا ہوں۔
ذرائع نے بتایاکہ حمزہ شہباز اس سے قبل بھی اسی کیس میں نیب میں پیش ہوچکے ہیں تاہم وہ گذشتہ پیشیوں پرنیب ٹیم کو مطمئن نہیں کرسکے تھے جس کے باعث انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز، آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے جب کہ انہوں نے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کرنے والے لاہور ہائیکورٹ کے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔