31 مئی ، 2019
اسلام آباد: ججز کے خلاف حکومتی ریفرنس پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 14 جون کو عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کردیا۔
سپریم کورٹ بار کے صدر امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ ججز کے خلاف ریفرنس دائر ہونا عدلیہ پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں 14 جون کو ججز کے خلاف ریفرنس کی سماعت میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے دفاع میں پیش ہوں گے۔
دوسری جانب سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان بار کونسل کا اہم اجلاس 8 اور 9 جون کو طلب کیا گیا جس میں ملک بھر کی بار کونسلز کے نمائندے شریک ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دو روزہ اجلاس میں ججز کے خلاف دائر ریفرنس پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ہائیکورٹ کے 2 ججز کے خلاف حکومت نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیے تھے۔
صدارتی ریفرنسز پر سماعت کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 14 جون کو طلب کرلیا گیا ہے اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اس معاملے پر سینیٹ میں ججز کے خلاف حکومت کی جانب سے ریفرنس بھیجنے پر ججز کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی گئی ہے۔
سینیٹ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفر الحق نے ججز کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قراردا پیش کی جب کہ حکومتی ارکان نے قرارداد کی منظوری پر شدید احتجاج کیا جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔