وزیر مملکت زرتاج گل کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع

— فوٹو: فائل 

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی گئی۔

زرتاج گل کی نااہلی کے لیے درخواست مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ زرتاج گل وزیر نے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ زرتاج گل نے اپنے حلف کے خلاف ورزی کی ہے لہٰذا ان کو بطور رکن پارلیمنٹ آئین کے آرٹیکل 62-63 کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔

زرتاج گل کی نااہلی کی درخواست کی کاپی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی جمع کرا دی گئی ہے جب کہ پنجاب اسمبلی میں زرتاج گل کے خلاف آرٹیکل 62 کے تحت کارروائی کی قرارداد بھی جمع کرائی گئی ہے۔

 اس موقع پر مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ زرتاج گل کے خلاف درخواست کسی ایک شخص کے خلاف نہیں بلکہ دغا باز گروہ کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرتاج گل نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور حلف کی خلاف ورزی کی، جھوٹ بولا، وہ ایم این اے اور وزیر بننے کے قابل نہیں، عمران خان میرٹ کے نعرے لگاتے رہے ہیں لیکن ایک پروفیسر کیسے نیکٹا کی ڈائریکٹر بن سکتی ہے؟ 

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو قومی ادارے نیکٹا کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا تھا جس کے بعد وزیر مملکت کی جانب سے اپنی بہن کی تقرری کے لیے نیکٹا کو لکھا گیا خط سامنے آیا تھا۔ 

 وزیراعظم عمران خان کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیے جانے کے بعد زرتاج گل نے اپنی بہن شبنم گل کی تعیناتی کے لیے نیکٹا کو لکھا گیا سفارشی خط واپس لے لیا تھا۔

مزید خبریں :