پاکستان

پی ٹی آئی حکومت معاشی ترقی کے طے شدہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام

مہنگائی 6 فیصد سالانہ ہدف کے مقابلے میں مئی تک 9.1 فیصد تک پہنچ گئی، قومی اقتصادی سروے 19-18 کل جاری کیا جائے گا — فوٹو: فائل 

اسلام آباد:  تحریک انصاف کی حکومت رواں مالی سال معاشی ترقی کا طے شدہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

معاشی ترقی کی شرح نمو 6.2 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 3.3فیصد رہی،  زراعت اور صنعت کے شعبوں کی ترقی کے اہداف حاصل نہ ہو سکے تاہم بجلی اور گیس کے شعبوں میں ریکارڈ ترقی ہوئی، آئندہ مالی سال کیلئے معاشی ترقی کی شرح کا ہدف 4 فیصد رکھے جانے کا امکان ہے۔ 

قومی اقتصادی سروے 19-2018 کل جاری کیا جائے گا، اس حوالے سے جیو کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق مجموعی معاشی ترقی کا ہدف 6.2 فیصد رکھا گیا تھا تاہم یہ 3.3 فیصد رہی جبکہ عمومی حکومتی خدمات نے 7.2 فیصد کا ہدف پورا کرلیا اور کارکردگی 7.9 فیصد رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زرعی شعبے کی شرح  3.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں صرف 0.8 فیصد رہی، صنعتی شعبے کی ترقی 4.9 فیصد ہدف کے مقابلے میں 1.4 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق خدمات کے شعبے کی شرح 6.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 4.7 فیصد رہی جب کہ بجلی کی پیداوار اور گیس کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا اور  یہ شرح 7.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 40.5 فیصد رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تعمیرات کا 10 فیصد ہدف پورا نہیں ہوا اور گروتھ منفی 7.6 فیصد رہی جب کہ بڑی فصلوں کی پیداوار کا ہدف 3.1 فیصد تھا لیکن نتائج منفی 6.5 فیصد رہے۔

کاٹن، جنگلات، فشریز سمیت دیگر شعبوں کا ہدف بھی پورا نہیں ہوسکا ہے، لائیو اسٹاک نے 3.8 فیصد کے ہدف سے زیادہ 4  فیصد کی شرح سے ترقی کی۔

سروے رپورٹ کے مطابق اسمال اینڈ ہاؤس ہولڈ سیکٹر نے بھی 8.2 فیصد کا ہدف پورا کیا، ہول سیل، ری ٹیل شعبے نے 7.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں صرف 3.1 فیصد شرح سے ترقی کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی 6 فیصد سالانہ ہدف کے مقابلے میں مئی 2019 تک 9.1 فیصد تک پہنچ گئی۔

جیونیوز کو حاصل اقتصادی سروے کے اہم نکات کے مطابق خدمات کے شعبے کی گروتھ 4.7 فیصد رہی جبکہ ہدف ساڑھے 6.5فیصد تھا۔

گندم کی پیداوار اعشاریہ پانچ فیصد بڑھی تاہم دیگر تمام بڑی فصلوں کپاس چاول اور گنے کی شرح نمو منفی میں ریکارڈ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 675 ارب روپےکا پی ایس ڈی پی جبکہ 250 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے۔

 ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5550ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے اہداف پورے نہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ قومی اقتصادی سروے 19-2018 کل جاری کیا جائے گا۔

مزید خبریں :