سمندری طوفان سے کراچی میں گرمی بڑھنے کا امکان

فائل فوٹو

کراچی: سائیکلون کے باعث اندرون سندھ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ طوفان سے کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بھارتی گجرات سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت کم ہونے کا امکان ہے جب کہ طوفان کا رخ شمال کی جانب رہا تو سندھ کے جنوب اور جنوب مشرقی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بدین، ٹھٹھہ اور دیگر ساحلی پٹی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، سائیکلون وایو کراچی کے جنوب مشرق سے 1150کلومیٹر دور ہے، طوفان مزید کچھ گھنٹوں میں شدت اختیار کرجائے گا، طوفان کے 13 جون تک بھارتی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اپنے ساتھ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں لائے گا جس سے ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، مٹھی اور رن آف کچھ میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جن کی رفتار 50 کلو میٹرفی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سمندری طوفان کے قریب آنے پر کراچی میں مزید گرمی بڑھنے کا امکان ہے، آئندہ دو روز کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے پر گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی جب کہ شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

مزید خبریں :