06 فروری ، 2012
دبئی … پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا، قومی ٹیم نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 71 رنز سے فتح حاصل کی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 324 رنز کا ہدف دیا تاہم انگلینڈ کی پوری ٹیم کھیل کے چوتھے ہی روز 252 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی، میٹ پرائر 48 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ پاکستان کے اظہر علی کو مین کا جبکہ سعید اجمل کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے انگلینڈ کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 2006ایشز سیریز کے بعد پہلی بار وائٹ واش کا شکار ہوئی ہے۔ آج انگلش ٹیم نے 36 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، کھیل کے پہلے سیشن میں پاکستان کو 2 کامیابیاں حاصل ہوئیں، اسٹراس 26 رنز بناکر عبدالرحمن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ ٹراٹ 18 رنز بناکر سعید اجمل کا شکار بنے۔ کھیل کے دوسرے سیشن میں پاکستان ٹیم کو مزید 4 کامیابیاں ملیں، پیٹرسن 18 جبکہ کک 49 رنز بناکر سعید اجمل کی جادوئی گیندوں کا شکار ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے، ای این بیل 10 رنز بناکر عمر گل کا شکار بنے، ایوائن مورگن 31رنز بناکر عمر گل کی ہی گیند کا شکار ہوئے۔ آخری سیشن میں پاکستان کو جیت کے لئے مزید چار وکٹوں کی ضرورت تھی جب 196رنز کے مجموعی اسکور پر اسٹورٹ براڈ 18 رنز بنا کر عمر گل کی گیند پر توفیق عمر کو کیچ تھا کر پویلین کی راہ لی، تاہم میٹ پرائر پاکستان اور فتح کے درمیان ڈٹے رہے۔ انگلینڈ کی آٹھویں وکٹ 203 رنز پر گری جب گریم سوان ایک رن پر فاسٹ بولر عمر گل کا شکار بنے۔ جیمز اینڈرسن سعید اجمل کی گیند پر 9 رنز بنا کر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے۔ انگلینڈ کاآخری آوٴٹ ہونے والا کھلاڑی مونٹی پنیسر 8 رنز بنا کر عبدالرحمن کی گیند پر پویلین لوٹا، میٹ پرائر آخر تک ڈٹے رہے تاہم پاکستان کو فتح کے حصول سے نہ روک سکے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں عمر گل اور سعید اجمل نے 4، 4 اور عبدالرحمان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میچ میں سعید اجمل اور عبدالرحمان نے 7،7 اور عمر گل نے 6 وکٹیں لیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 1907کے بعد پاکستان پہلی ٹیم ہے جس نے پہلی اننگز میں 100 سے کم اسکو رپر آوٴٹ ہونے کے بعد میچ جیت لیا۔ پاکستان پہلی اننگز میں 99 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی تھی تاہم انگلینڈ کو 141 پر آوٴٹ کرنے کے بعد قومی ٹیم کے بیٹسمینوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 365 رنز بنا کر انگلینڈ کو جیت کے لئے 324 رنز کا ہدف دیا تھا۔