کھیل

پاک بھارت ٹاکرا: بارش رنگ میں بھنگ ڈالنے کو تیار

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دن 12 بجے بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں جو ایک بجے کے لگ بھگ بڑھ کر 70 فیصد جبکہ دو بجے سے پانچ بجے تک 60 فیصد ہیں— فوٹو: فیضان لاکھانی

مانچسٹر: پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ کا سب کو انتظار ہے، جہاں کروڑوں شائقین ٹی وی اسکرین کے سامنے اس میچ کے منتظر ہیں۔

ہزاروں مداح مانچسٹر بھی پہنچ چکے ہیں جو اولڈ ٹریفورڈ میں سپرسنڈے کو ہونے ولے پاک بھارت ٹاکرے کے ٹکٹ کیلئے منہ مانگے پیسے بھی دے چکے ہیں لیکن برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے ان سب کو پریشان کررکھا ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اتوار کو پاک بھارت میچ کے موقع پر بارش کا خدشہ ہے، ہفتے کو بھی بارش کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن متاثر ہوا اور ٹیمیں انڈور نیٹس تک محدود رہ گئیں۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دن 12 بجے بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں جو ایک بجے کے لگ بھگ بڑھ کر 70 فیصد جبکہ دو بجے سے پانچ بجے تک 60 فیصد ہیں۔

6 بجے بارش کے 80 فیصد امکانات ہیں۔ ورلڈ کپ میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے اب تک چار میچز بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوچکے ہیں اور یہ ایک ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل ایک ورلڈکپ ایونٹ میں اتنی بڑی تعداد میں میچز بارش کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوئے۔ اس صورتحال کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو مایوسی اور آئی سی سی کو تنقید کا سامنا ہے کہ اس نے میچز کا ریزرو ڈے کیوں نہیں رکھا۔

مزید خبریں :