’ورلڈ کپ سے پہلے کرکٹرز اور کوچ میں اختلافات ہوئے، کھلاڑی بغاوت پراتر آئے تھے‘

قومی کرکٹرز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

ٹیم کے کھلاڑیوں کی کوچ سے اختلافات کی خبریں پہلے ہی گردش میں تھیں لیکن اب ذرائع نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اختلافات انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ہوئے۔

انگلینڈ کیخلاف چوتھے ون ڈے کے دوران جب پاکستان ٹیم 340 رنز کرنے کے باوجود ہار گئی تو ہیڈ کوچ مکی آرتھر نےکھلاڑیوں کی خوب ڈانٹ ڈپٹ کی۔

پانچواں میچ بھی قومی ٹیم برے طریقے سے ہاری تو کوچ کی ڈانٹ میں مزید سختی آگئی جس کا کھلاڑیوں نے برا منایا اور پی سی بی کو شکایت کر دی۔

کھلاڑیوں نے پی سی بی سے کہا کہ غیر ضروری اور سخت ڈانٹ کی وجہ سے اب وہ مکی آرتھر کے ساتھ مزید نہیں کھیلیں گی۔

کھلاڑی بغاوت پر اتر آئے تو موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے 23مئی کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کوانگلینڈ بھیجنےکا فیصلہ کیا، انضمام الحق نے انگلینڈ پہنچتے ہی صورت حال کو کنٹرول کیا اور کھلاڑیوں کو سخت پیغام دیا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کھلاڑیوں اور کوچ کے درمیان پُل کا کردار ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کو انگلینڈ بلانے کی تجویز میں کپتان سرفراز احمد پیش پیش تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور کوچ مکی آرتھر کے درمیان تعلقات اب بھی مثالی نہیں ہیں، ان کی آپس میں بول چال بھی کم ہے۔

 موجودہ حالات میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ پی سی بی مزید معاہدے کی تجدید نہ کرنے فیصلہ کر چکا ہے۔

مزید خبریں :