11 اگست ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان کے مسائل کے حل کے حوالے سے قائم وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے صوبے کی مختلف سیاسی، قوم پرست و مذہبی جماعتوں کے وفود سے ملاقاتیں کی ہیں دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی نے کمیٹی سے ملنے سے انکارکردیا۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے حوالے سے قائم وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی اپنے سربراہ اور وفاقی وزیر دفاع سید نوید قمر کی سربراہی میں آج کوئٹہ پہنچی، کمیٹی کے دیگر ارکان میں وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ، وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک اور وفاقی وزیر پوسٹل سروسز سردار عمر گورگیج شامل ہیں۔ کمیٹی نے صوبے کے مسائل کے حل کے حوالے سے نقطہ نظر جاننے کیلئے مختلف سیاسی، قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں سے ملاقاتیں کیں، کمیٹی سے ملنے والوں میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، جماعت اسلامی کے وفود شامل تھے، دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی نے وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی سے ملنے سے انکارکردیا ہے۔ پارٹی کے قائم مقام صدر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے جیو نیوز کو بتایا کہ جب تک بلوچستان کے حالات صحیح نہیں ہوں گے ہم کسی مذاکرے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی کو کمیٹی کی جانب سے کوئی باقاعدہ دعوت نامہ نہیں ملا اور نہ ہی انہیں اس کے ایجنڈے کا ہی علم ہے۔ تاہم اس سے قبل کوئٹہ پہنچنے کے بعد کمیٹی کے سربراہ و وفاقی وزیر دفاع سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ کمیٹی صوبے کے مسائل کے حل کے حوالے سے متعلقہ صوبائی حکام، اداروں اور افراد سے بات چیت اور مشاورت کے بعد اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔