Time 30 جون ، 2019
کھیل

افغانستان کیخلاف میچ سے قبل پوچھا گیا کہ کتنی تکلیف برداشت کرسکتے ہو، وہاب

میں نے بتایا کہ میں 100 فیصد کوشش کروں گا لیکن فیلڈنگ اور بیٹنگ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، فاسٹ بولر— فوٹو: آئی سی سی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ افغانستان کیخلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ مجھ پر چھوڑا گیا تھا، میچ سے قبل مجھ سے پوچھا گیا کہ میں میچ کے دوران کتنی تکلیف برداشت کر سکتا ہوں۔

کرکٹر وہاب ریاض نے ٹوٹی انگلی کے ساتھ میچ کھیل کر افغانستان کے خلاف پاکستان ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میچ سے قبل وارم اپ کے دوران بولنگ کی اور اس کے بعد میں نے بتایا کہ میں 100 فیصد کوشش کروں گا لیکن فیلڈنگ اور بیٹنگ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ کپتان نے مجھے یقین دلانے کیلئے کہا کہ میں بولنگ میں 100 فیصد دوں گا میں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جی ہاں پھر کپتان نے کہا کہ چلو کھیلو جس سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے کہا کہ جب میں بیٹنگ کیلئے گیا تو بہت تکلیف میں تھا، اس وقت میں نے آسمان کی طرف دیکھ کر کہا کہ اللہ ہی مجھے عزت دے سکتا ہے، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے عزت دی اور ہم میچ جیت گئے، میں نے سب کچھ اللہ پر چھوڑ دیا تھا، وہی عزت اور ذلت دینے والا ہے۔

خیال رہے کہ وہاب ریاض افغانستان کے خلاف میچ سے ایک روز قبل فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے، ان کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی پر چوٹ آئی اور وہ ٹوٹی انگلی کے ساتھ کھیلے جس کی سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی بے حد تعریف کی۔

وہاب ریاض نے افغانستان کے خلاف 9 گیندوں پر 15 رنز بنائے جس میں ایک شاندار چھکا بھی شامل تھا جس نے پاکستان کو فتح کے قریب کیا۔

مزید خبریں :