06 فروری ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست پر ڈاکٹر بابر اعوان کی طلبی کیلئے اخبار میں اشتہار شائع کرانے کا دوبارہ حکم دے دیا، مزید کارروائی 22 فروری تک ملتوی کردی گئی۔ ہائی کورٹ آفس کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر بابر اعوان کی طلبی کیلئے اخبار میں اشتہار کیلئے درخواست گزار آفاق احمد نے فیس جمع نہیں کرائی اور اشتہار شائع نہیں کرایا جا سکا۔ اس پر عدالت نے ہدایت کی کہ اشتہار دوبارہ شائع کرایا جائے ، پھر بھی بابر اعوان پیش نہیں ہوتے تو عدالت یکطرفہ کارروائی شروع کر دے گی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتوں کی توہین کرنے پر بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔