پاکستان
Time 06 جولائی ، 2019

رہبر کمیٹی نے نیا چیئرمین سینیٹ (ن) لیگ سے ہونے کی منظوری دیدی


اسلام آباد: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے نیا چیئرمین سینیٹ اکثریتی جماعت مسلم لیگ (ن)کو دینے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد (ن) لیگ نے راجہ ظفر الحق اور مصدق ملک سمیت دیگر دو ناموں پر مشاورت شروع کردی ہے اور پارٹی دو دنوں میں اپنے امیدوار کے نام کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ ملنے کے بعد (ن) لیگ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ چھوڑ دے گی جس کے باعث رہبر کمیٹی سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈر سے متعلق بھی مشاورت کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی کے خلاف 9 جولائی کو تحریک عدم اعتماد سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی جائے گی جس کے لیے کل ممبران کے ایک چوتھائی ارکان کے دستخط ضروری ہوتے ہیں لیکن اپوزیشن کوشش کر رہی ہے کہ اپنے تمام ممبران سینٹ (67) سے درخواست کرائے جائیں اور اس حوالے سے رابطے بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا، نئے چیئرمین سینیٹ کے لیے ریکوزیشن 9 جولائی کو جمع کرائی جائے گی جب کہ نئے چیئرمین کے نام کا اعلان 11 جولائی کو کیا جائے گا۔


مزید خبریں :