08 جولائی ، 2019
لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کے بعد مکی آرتھر کے ہیڈ کوچ برقرار رہنے کے قومی امکانات پیدا ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کی چئیرمین پی سی بی سے 90 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں ایم ڈی پی سی بی وسیم خان بھی موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا ورلڈ کپ کے اختتام کے ساتھ ہی 3 سالہ معاہدہ ختم ہو گیا ہے تاہم مکی آرتھر بارہا پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں اور ایسے میں ورلڈ کپ کے اختتام کے ساتھ مکی آرتھر نے چئیرمین پی سی بی سے ملاقات کی خواہش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اگلے کوچ کی تقرری کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور کوچ کی تعیناتی کے عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملاقات میں مکی آرتھر نے اپنے 3 برسوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی اور ورلڈ کپ میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بھی بورڈ کے اعلی حکام کو بریف کیا۔
اس کے علاوہ مکی آرتھر اب کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں پریزنٹیشن بھی دیں گے، کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
کرکٹ کمیٹی ہی گزشتہ 3 سالوں میں تینوں فارمیٹس میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گی، کمیٹی میں چیئرمین وسیم خان، وسیم اکرم اور مصباح الحق شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مکی آرتھر نے مزید کام کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان ٹیم کی بہتری کے لیے ابھی تسلسل بہت ضروری ہے، ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈ کپ اگلے برس ہے جس میں پاکستان نمبر ون ٹیم ہے، ایسے میں تسلسل برقرار رکھنا اہم ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مکی آرتھر کو ہی کوچ برقرار رکھنے کے قوی امکانات ہیں جب کہ سرفراز احمد کی جگہ بھی فوری طور پر نیا کپتان نہیں لایا جا رہا۔