'نیوزی لینڈ تر نوالہ ہے سیمی فائنل کا بقیہ حصہ تو محض رسمی کارروائی ہوگا'

بھارتی شائقین کو یہ خوش فہمی تھی کہ اتنا کم اسکور تو 2 بیٹسمین ہی بنالیں گے لیکن چند گھنٹے بعد مایوس بھارتیوں کی آنکھوں سے رواں آنسو یہ بتارہے تھے کہ غرور کا سر ضرور نیچا ہوتا ہے— فوٹو: آئی سی سی

منگل کی شام جب بارش کی وجہ سے سیمی فائنل ریزرو ڈے میں چلا گیا تو مانچسٹر اور مانچسٹر سے لندن آتے ہوئے بھارتی تماشائی اس قدر خوش فہمی اور خود فریبی کا شکار تھے کہ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ تر نوالہ ہے سیمی فائنل کا بقیہ حصہ تو محض رسمی کارروائی ہوگا۔

بھارتی شائقین کو یہ خوش فہمی تھی کہ اتنا کم اسکور تو دو بیٹسمین ہی بنالیں گے لیکن چند گھنٹے بعد مایوس بھارتیوں کی آنکھوں سے رواں آنسو یہ بتارہے تھے کہ غرور کا سر ضرور نیچا ہوتا ہے۔

مانچسٹر پکاڈلی سے لندن کی دو گھنٹے کی ٹرین میں بھارتی شائقین برملا یہ کہتے ہوئے سنے گئے کہ اب ورلڈ کپ ہمارا ہے لیکن بھارت کو ٹورنامنٹ سے باہر کرکے نیوزی لینڈ نے تہلکہ مچادیا۔

بھارتی تماشائی روتے ہوئے اولڈ ٹریفورڈ سے روانہ ہوئے۔ مرد، خواتین بچے بھی اس ہار کو برداشت نہ کرسکے اور جذباتی ہوکر زار وقطار روتے ہے۔ کچھ شائقین روایتی انداز میں اپنے سینیئر کھلاڑیوں کو برا بھلا کہہ رہے تھے۔ کچھ ایک دوسرے کو تسلیاں دیتے رہے۔

ایک بزرگ کوہلی کیلئے کہہ رہے تھے کہ غضب کیا جو تیرے وعدے پر اعتبار کیا۔ گروپ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں مشکوک انداز میں ہارنے والی بھارتی ٹیم نے پاکستان کو تو ٹورنامنٹ سے باہر کرادیا لیکن اس کا اپنا تیسری بار ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

گھر کے شیر مانچسٹر میں ڈھیر ہوگئے۔ پاکستان نے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی اگر انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا تو پاکستان سے ہارنے والی دونوں ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

منگل کو بارش سے نامکمل رہنے والا فائنل بدھ کو ریزرو ڈے میں مکمل ہوا۔ بھارت نے پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ سے روکنے کیلئے جو حربہ استعمال کیا اس کا خمیازہ اسے سیمی فائنل میں بھگتنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا اور بھارت کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ٹورنامنٹ فیورٹ بھارت کا لارڈز میں 1983 کے بعد ایک اور ورلڈکپ فائنل کھیلنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے سیمی فائنل میں18 رنز سے ہراکر اتوار کو لارڈز کے فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔

بھارتی ٹیم کو دھول چٹا کر نیوزی لینڈ پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کیلئے مضبوط امیدوار ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ پر موجود چند ہزار اور دنیا بھر میں کروڑوں بھارتیوں نے میچ سے قبل اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 239 رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کے پیس اٹیک نے ٹورنامنٹ میں پہلی بار بھارتی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کیلئے مشکلات پیدا کیں اوربیٹنگ لائن کی کمرتوڑ دی۔

رویندرا جڈیجا اور آخری ورلڈ کپ کھیلنے والے مہندر سنگھ دھونی نے مزاحمت کی لیکن بھارتی ٹیم تین گیندیں پہلے مایوس کن انداز میں 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

مزید خبریں :