11 جولائی ، 2019
مشہور زمانہ بال ٹمپرنگ تنازع کے مرکزی کردار اور اُس وقت کے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے برمنگھم سیمی فائنل میں سخت دباؤ میں بیٹنگ کی۔
ڈیڑھ برس پہلے ہونے والے تنازع کی وجہ سے انگلش تماشائیوں نے اسٹیو اسمتھ پر جملے کسے اور ہوٹنگ کرکے اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔
جنوبی افریقا میں پیش آنے والے واقعے کے بعد اسٹیو اسمتھ نے کپتان کی حیثیت سے بال ٹمپرنگ کا اعترا ف کیا تھا اور معافی مانگی تھی۔ انگلش تماشائیوں نے ایجبیسٹن میں اسٹیو استھ کو مسلسل دباؤ میں رکھا اور شور شرابہ کرتے رہے۔
آسٹریلوی کرکٹرز اپنی بدتمیزیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔ ان میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ بھی شامل ہیں جن کو مغرور اور سر پھرا کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔
برمنگھم میں انگلش تماشائیوں نے اسٹیو اسمتھ کا استقبال خوشگوار انداز میں نہیں کیا۔ ایجبیسٹن میں ورلڈکپ سیمی فائنل میں تماشائی مسلسل ان پر آوازیں کستے رہے تاہم اسٹیو اسمتھ سر جھکائے بیٹنگ کرتے رہے اور اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالا۔
انگلینڈ کے کیپر جوز بٹلر نے 48 ویں اوور کی پہلی گیند پر اسٹیو اسمتھ کو شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے براہ راست تھرو کرکے رن آؤٹ کیا، وہ 85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا میں پیش آنے والے بدنام زمانہ بال ٹمپرنگ واقعے میں پابندی ختم ہونے کے بعد اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
جمعرات کو جیسے ہی اسکرین پر اسٹیو اسمتھ اور وارنر کے نام آئے تو تماشائیوں نے ان پر ہوٹنگ کی۔ اسٹیو اسمتھ چوںکہ زیادہ دیر کریز پر رہے اس لیے تماشائیوں نے ان کیلئے نرم گوشہ نہیں رکھا اور مسلسل نعرے لگاتے رہے، جب وہ رن آؤٹ ہوکر ڈریسنگ روم جارہے تھے اس وقت بھی ایجبیسٹن میں ان پر نعرے بازی کی گئی۔
ورلڈ کپ کے بعد روایتی حریفوں کے درمیان تاریخی ایشیز سیریز ہوگی امکان ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو پورے انگلش سیزن میں تماشائیوں کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔