ایل این جی کیس: نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا۔

نیب نے شاہد خاقان عباسی کو آج ایل این جی کیس میں طلب کررکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال کے ساتھ لاہور جارہے تھے، نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا جہاں نیب حکام انہیں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔

نیب نے اپنے اعلامیے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی کیس میں گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو کچھ دیر لاہور کے دفتر میں رکھا جس کے بعد انہیں ایک ٹیم اسلام آباد لے کر روانہ ہوگئی جہاں انہیں کل ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

نیب نے بذریعہ خط شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کر دیا۔

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے مناظر— فوٹو: اسکرین گریب
سابق سیکریٹری پیٹرولیم عابد سعید وعدہ معاف گواہ بن گئے، ذرائع

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق عابد سعید کے وعدہ معاف گواہ بننے پر شاہد خاقان کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا، شاہد خاقان عباسی کےخلاف تحقیقات گزشتہ روز ہی مکمل کرلی گئی تھیں، شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کا آج نیب میں پیش نہ ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔

شہبازشریف کی مذمت

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ شاہد خاقان کا قصور یہ ہے کہ وہ نواز شریف کا ساتھی ہے، شاہد خاقان عباسی کو بھونڈے انداز سے گرفتار کیا گيا، یہ ہے تماشہ جو عمران نیازی اور نیب کی ملی بھگت سے اس ملک ميں لگا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اور حکومت کی طرف سے ن ليگ پر بھرپور وار کیا گيا ہے۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں بحیثیت وزیر پیٹرولیم قطر سے ایل این جی کا معاہدہ کیا تھا اور 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا تھا۔

شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ وہ اس ٹھیکے میں خود بھی حصہ دار ہیں، اس سلسلے میں نیب کی سفارش پر ان کا نام ای سی ایل میں بھی شامل ہے، شاہد خاقان عباسی نے کسی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل نہیں کی تھی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید بھی شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی درآمد کا کیس سپریم کورٹ لے کر گئے تھے۔

شاہد خاقان عباسی مسلم (ن) کے دورِ حکومت میں پہلے وزیر پیٹرولیم رہے اور پاناما کیس میں میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد انہیں وزیراعظم بنایا گیا۔

مزید خبریں :