19 جولائی ، 2019
اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کی درخواست خارج کر دی۔
مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کی۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت میں دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ٹرسٹ ڈیڈ جعلی تھی، مریم نواز نے کہا تھا کہ عدالت کا دائرہ اختیار نہیں لیکن یہ عدالت کا خصوصی دائرہ اختیار ہے۔
اس دوران مریم نواز نے نیب پراسیکیواٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک سال کا عرصہ کیوں لگا عدالت کو یاد دلانے میں؟ نیب پراسیکیواٹر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہی بتا رہا ہوں۔
مریم نواز نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ آپ نے تھوڑی سی دیر کر دی، بس ایک سال جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ دیر آید، درست آید۔
مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈوکیٹ نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہروقت بندہ درست نہیں آتا۔
امجد پرویز ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت میں درخواست دائر کرنا نیب کا اختیار نہیں تھا بلکہ یہ عدالت کے خصوصی دائرہ اختیار میں آتا ہے اور درخواست دائر کرنے کی 30 روز کی قانونی مدت بھی ختم ہوچکی لہٰذا نیب کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیا جائے۔
احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ریفرنس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔
مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو
مریم نواز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے جتنے قائدین کو گرفتار کرنا ہے کرلیں، ڈرنے والے نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سے بات چیت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن ہم نے بات چیت نہیں کی کیونکہ میں اور میاں صاحب بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کرسکتے۔
اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ وہ کون سے لوازمات ہیں جو پورے نہیں کر سکتے ؟
مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے لیے اصولوں کی قربانی دینی پڑتی ہے جس کے لیے تیار نہیں۔
سیکیورٹی انتظامات
فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ غیر متعلقہ افراد کو عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
یاد رہے کہ نیب نے مریم نواز کے خلاف احتساب عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے کہ انہوں نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کی لہٰذا جعلی دستاویزات پر ٹرائل کیا جائے۔
احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پر مریم نواز کو آج طلب کر رکھا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے اسلام آباد روانہ ہونے سے قبل ٹوئٹر بیان میں عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پوری مسلم لیگ ن کو بھی گرفتار کر لو، ملک تم پھر بھی نہیں چلا سکتے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ اپنی نااہلی اور ناکامی کا جواب تو تمہیں عوام کو دینا ہی پڑے گا۔