Time 19 جولائی ، 2019
پاکستان

نیب نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس بھی دائر کردیا

نیب نے یکم جولائی کو جعلی اکاؤنٹس کیس کے بعد پارک لین کیس میں بھی سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کیا تھا — فوٹو: فائل 

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس بھی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کردیا۔

ریفرنس میں آصف زرداری سمیت 17 ملزمان نامزد ہیں، اس ریفرنس میں آصف زرداری پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہیں۔

یاد رہے کہ نیب نے یکم جولائی کو جعلی اکاؤنٹس کیس کے بعد پارک لین کیس میں  بھی سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کیا تھا اور اس سے قبل وہ جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس کے   اے ون انٹرنیشنل کیس میں گرفتار تھے۔

آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے جب کہ اس کیس میں پہلے بلاول بھٹو زردای بھی نامزد تھے تاہم نیب کو ان کے خلاف ثبوت نہیں مل سکے تھے۔

نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔

مزید خبریں :