پاکستان
Time 21 جولائی ، 2019

عمران خان کا دورہ امریکا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کا موقع ہے، ٹرمپ انتظامیہ


واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورہ پر امریکا پہنچ گئے جہاں ان کا امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم عمران خان سیکیورٹی قافلے میں واشنگٹن میں سفیر پاکستان کی رہائشگاہ پاکستان ہاؤس پہنچے جہاں وہ اپنے دورے کے دوران قیام کریں گے۔

پاکستان ہاؤس پہنچنے پر پی ٹی آئی کارکنان نے عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا، نعرے لگائے اور بھنگڑے ڈال کر خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور مشیر خزانہ عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

بعدازاں عمران خان کی ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے تاجر طاہر جاوید سے ملاقات ہوئی جس میں سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کی تعریف کی گئی۔

ٹرمپ انتظامیہ نے عمران خان کے دورہ امریکا کو دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر بنانے کا موقع قرار دیا ہے۔

 ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دورہ تعاون اور پائیدار شراکت داری کو مستحکم بنانے کا ایک موقع ہے، امریکا پاکستان کو یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کیلئے کمرشل فلائٹ سے براستہ دوحا واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

قطرائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اکبر الباکر نے وزیراعظم عمران خان سے دوحا ائیرپورٹ پر ملاقات کی۔  

— فوٹو: عمران خان آفیشل 

حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا امریکا کا سرکاری دورہ آج سے شروع ہوگا۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم آج عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قائم مقام ایم ڈی، عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی کریں گے۔

22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرائیں گے۔

اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہو گی، عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔   

23 جولائی کو ہی وزیراعظم عمران خان ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔

مزید خبریں :