19 جولائی ، 2019
واشنگٹن: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں۔
شاہ محمود قریشی کا وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم کا استقبال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقاتوں کی 2 نشستیں ہوگی، پہلی نشست اوول آفس اور دوسری کیبنٹ روم میں ہوگی۔
وزیر خارجہ کے مطابق امریکی صدر کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ورلڈ بینک کے وفد سے بھی مذاکرات ہوں گے، سرکاری مصروفیات کے بعد وزیراعظم کیپٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کمیونٹی ایونٹ کے بعد پاکستان بزنس سمٹ کے نام سے ایک نشست ہوگی جس میں امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر کاروبار سے وابستہ افراد شرکت کریں گے، وزیراعظم پاکستان بزنس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیر خارجہ کے مطابق دورہ امریکا میں عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگی، امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا ایک بزنس کونسل بھی وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں نشیب و فراز رہے ہیں، افغانستان کےساتھ تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کا اعتراف دنیا بھر میں کیا گیا، اعتماد اور تعاون کا ماحول دونوں اطراف بڑھا ہے جسے مزید آگے لے جانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں افغانستان میں امن ہو کیوں کہ خطے کو امن کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہوا ہے، جنوبی ایشیا ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے، جنوبی ایشیا کی ترقی کیلیے استحکام درکار ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، ہم ملک میں سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ صرف چین تک محدود نہیں ہے، سی پیک کے ساتھ اکنامک زونز بھی بنارہے ہیں جس میں دیگر ممالک بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا تین روزہ دورہ کریں گے جس میں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی۔