23 جولائی ، 2019
لاہور: اداکار و میزبان محسن عباس حیدر کے خلاف اہلیہ فاطمہ سہیل پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے شوہر پر بیوفائی اور تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے جواب میں اداکار نے تمام الزامات کو مسترد کیا تھا۔
پولیس کی جانب سے گزشتہ روز دونوں سے تفتیش کی گئی جس کے بعد اب محسن عباس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق محسن عباس کے خلاف مقدمہ ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے فاطمہ سہیل کا کہنا تھا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن فاطمہ چدھڑ نے مقدمہ درج کروانے میں کردار ادا کیا ہے جس پر ان کی شکر گزار ہوں۔
یاد رہے کہ اداکار کی اہلیہ فاطمہ نے گزشتہ روز بھی میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ محسن عباس نفسیاتی ہے، مجھے بھی اور خود کو بھی تھپڑ مارتا تھا، جان کا خطرہ ہے اور ان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی، نہ ہی صلح کروں گی۔