27 جولائی ، 2019
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی عرفان صدیقی پر درج مقدمے کو جعلی قرار دے دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نےکہا کہ عرفان صدیقی نوازشریف کے دیرینہ ساتھی ہیں، انہوں نے نوازشریف کے بیانیے کا ساتھ دیا ہے، ان کا قصور یہ ہے کہ وہ نوازشریف کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس گھر کی وجہ سے عرفان صدیقی پر مقدمہ ہوا وہ ان کا ہے ہی نہیں ،یہ گھر ان کے بیٹے کا ہے جو انہوں نے کرائے پر دیا، ان کے بیٹے نے گھر 20 جولائی کو کرائے پر دیا، نہ گھرعرفان صدیقی کے نام پرالاٹ ہوا اور نہ کرائے داری کے معاہدے پر ان کے دستخط ہیں، کرایہ داری ایکٹ کا اطلاق عرفان صدیقی پر نہیں ہوتا۔
(ن) لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ کرائےداری معاہدے کو تین دن کے اندر رجسٹر نہ کرایا گیا تو مقدمہ درج کرایا گیا، عرفان صدیقی پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا ، 78 سالہ شخص کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا، استادوں کو ہتھکڑیاں لگانےکی روایت رکھی گئی ہے، جعلی ایف آئی آر میں ضمانت نہیں بلکہ بریت ہونی چاہیے۔