پاکستان

سینیٹ میں تبدیلی کی تحریکیں ناکام: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین عہدوں پر برقرار



اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔

سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کی قرارداد پر رائے شماری ہوئی۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے پولنگ ایجنٹس کے سامنے ووٹوں کی گنتی کی گئی۔

پریزائیڈنگ افسر بیرسٹر سیف نے ووٹوں کی گنتی کے بعد اعلان کیا کہ آئین کے مطابق قرارداد کے حق میں 50 ووٹ پڑے جس کی وجہ سے یہ قرارداد مطلوبہ ایک چوتھائی ووٹ نہ ملنے کی وجہ سے مسترد کی جاتی ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی مخالفت میں 45 ووٹ پڑے جب کہ 5 ووٹ مسترد ہوئے۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور حکومتی اراکین کی جانب سے ایک سنجرانی سب پر بھاری کے نعرے لگائے گئے۔

سلیم مانڈوی والا کیخلاف بھی تحریک ناکام

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک ناکام ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جو ناکام ہوگئی۔

سلیم مانڈوی والا کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کے حق میں صرف 32 ووٹ آئے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحاریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے عمل کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

تحریک عدم اعتماد کی کارروائی

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق نے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی جس کی تصدیق کے لیے ووٹنگ کرائی گئی اور 64 اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر راجا ظفر الحق کی قرارداد کی حمایت کی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی چیرمین سینٹ صادق سنجرانی کے ساتھ ملاقات اور مبارک باد— فوٹو: پی آئی ڈی

اراکین کی جانب سے قراداد کی حمایت کے بعد پریزائیڈنگ افسر نے اراکین کو تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ ن کے سینیٹر جاوید عباسی اور حکومت کی جانب سے نعمان وزیر کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیا۔

سینیٹر حافظ عبدالکریم نے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پہلا ووٹ کاسٹ کیا اور 104 سینیٹرز میں سے 100 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔

جماعت اسلامی کے دو اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جب کہ ن لیگ کے چوہدری تنویر نے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور اسحاق ڈار نے تاحال سینیٹ کا حلف ہی نہیں اٹھایا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ٹیلی فون کیا اور تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد دی— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ٹیلی فون کیا اور تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد دی۔

تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ یہ کسی کی ہار یا جیت نہیں، ہم سب فیڈریشن چاہتے ہیں، سب نے مہربانی کی جنھوں نے انھیں ایوان چلانے کیلئے بہتر سمجھا، ووٹ دینے والے حکومتی اور اپوزیشن دونوں بینچز کا شکر گزار ہوں۔

 حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نمبرز گیم کی جنگ سے قبل سیاسی گرما گرمی عروج پر رہی اور دونوں جانب سے عددی اکثریت کا دعویٰ کیا جاتا رہا۔

اس سیاسی گرما گرمی میں دونوں جانب سے عددی اکثریت ظاہر کرنے کے لیے سینیٹ ارکان کی میٹنگز، کارنر میٹنگز، ناشتے، ظہرانے اور عشائیے رکھے گئے۔

اپوزیشن نے صادق سنجرانی کی جگہ میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔

مزید خبریں :