01 اگست ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ چور دروازے سے ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی اور آج عمران خان کا بیانیہ جیت گیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج اپوزیشن نے نادانی میں صرف ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جیل میں بیٹھے ایک نااہل قیدی کی خواہش پوری کرنے کی سازش کی، آج اپوزیشن کی صفوں میں بغاوت ہوگئی، اپوزیشن کے بیانیے سے ان کے اپنے سینیٹرز نے لاتعلقی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے جوکرپٹ سیاست متعارف کرائی تھی اس سے سینیٹرز نے لاتعلقی کا اعلان کردیا، اس بیانیے کو مسترد کردیا جو ملک کی قومی سلامتی، قومی مفاد اور عوام کے بنیادی حقوق کی نفی کررہا تھا، تمام سینیٹرز کے شعور کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کو ناکام کردیا، انہوں نے پاکستان کے مفاد کو مضبوط کردیا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والا یہ ٹولہ جو جیل سے بیٹھ کر اپنے کٹھ پتلی لیڈر شپ کی ڈوریاں ہلاکر ایسے افراد کو نامزد کرکے سینٹ پر قابض ہونا چاہتا تھا جو پاکستان کی سلامتی پر حملہ آور رہے، جن کی تاریخ بتاتی ہے کہ انہوں نے سبز ہلالی پرچم ان کے سینے پر نہیں دیکھیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ آج عمران خان کی قیادت میں تعمیر پاکستان کے نئے سفر کا آغاز ہوا، سینیٹ عوام کی طاقت کا سرچشمہ ہے، اس کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھایا گیا، اپوزیشن سینیٹ کو خواہشات کے تابع لانا چاہتی تھی، آج آئین، جمہوریت اور پاکستان کا قومی بیانیہ جیتا ہے، اپوزیشن عمران خان سے ذاتی عداوت، بغض اور حسد پر مبنی چالوں سے باز آجائیں، عمران خان سے ذاتی عداوت پر سنجرانی کو نشانہ بنایا، ان کا تیر نشانے پر نہیں لگا، واپس سینوں پر پیوست ہوگیا، یہ اب اپنے اعمال کا احاطہ کریں اور پاکستان کو بدلنے کی عمران کی سوچ کے ساتھ کھڑے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے شفاف چہرے کو دنیا قبول کررہی ہے، اپوزیشن میں نہ مانوں کی گردان سے باہر آئے اور حقیقت پر مبنی بیانیہ لائے، ہم ان کی شکست کے زخم پر مرہم رکھنے اور آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں، آج سینیٹرز نے ثابت کیا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ لیڈرشپ نہیں چاہیے،عمران خان کے دل میں عوام کا احساس ہے، ایک سال میں حکومت نے استحکام پاکستان کا سفر طے کیا، چور دروازے سے ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی اور آج عمران کا بیانیہ جیت گیا۔