پاکستان کی بھارت کو کلبھوشن جادھو تک قونصلر رسائی دینے کی باضابطہ پیشکش

قونصلر رسائی کے حوالے سے اب بھارت کے جواب کا انتظار ہے: ڈاکٹر محمد فیصل۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارت کو بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن جادھو تک قونصلر رسائی دینے کی باضابطہ پیشکش کر دی۔

17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بھارت کی را کے جاسوس کو بری کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی اور پاکستان کو بھی کہا تھا کہ بھارت کو کلبھوشن جادھو تک کونسلر رسائی دی جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتانا تھا کہ پاکستان نے کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی دینے کی باقاعدہ پیشکش کر دی ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ قونصلر رسائی کے حوالے سے اب بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔

قبل ازیں پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ صدر ٹرمپ کا کشمیر پر ثالثی سے متعلق بیان پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر پر عالمی برادری کو گمراہ کرنا بند کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان سے متعلق کام ہو رہا ہے۔

افغان امن عمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل مشترکہ عالمی ذمے داری ہے، افغان طالبان کے دورہ پاکستان سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :