13 اگست ، 2012
دبئی…پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کو آئی سی سی ایوارڈز 2012 کی تین کیٹگریز کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر، جنید خان ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر اور محمد حفیظ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے لئے نامزد ہوئے ہیں۔ آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب ورلڈ ٹی 20 سے قبل 15 ستمبر کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہوگی۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آئی سی سی کرکٹ آف دی ایئر (سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی) کے لئے چھ کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے جن میں پاکستان کے سعیداجمل، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، آسٹریلیا کے مائیکل کلارک، سری لنکا کے کمارسنگاکارا اور انگلینڈ کے ایلسٹر کک شامل ہیں، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے لئے بھی ان کھلاڑیوں کے نام لسٹ میں شامل ہیں، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لئے دیگر نامزد کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ، میٹ پرائر، ویسٹ انڈیز کے چندر پال، مارلن سیموئلز، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس، ورنن فلینڈر، ڈیل سٹین اور اے بی ڈی ولیئرز شامل ہیں۔ ون ڈے کی لسٹ میں پاکستان کے شاہد آفریدی، بھارت کے ایم ایس دھونی، گوتم گمبھیر، ویرات کوہلی، انگلینڈ کے اسٹیون فن، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، سری لنکا کے لاستھ ملنگا، نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم، جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن، زمبابوے کے برینڈن ٹیلر اور آسٹریلیا کے شین واٹسن شامل ہیں۔ ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر میں پاکستانی فاسٹ باؤلر جنید خان کو نامزد کیا گیا، سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے لئے محمد حفیظ، جیک کیلس، کیرن پولارڈ، ڈینیئل ویٹوری اور اے بی ڈی ولیئرز کو نامزد کیا گیا ہے۔ ٹی 20 پرفارمنس آف دی ایئر کیلئے محمدحفیظ کی زمبابوے کے خلاف 10 رنز کے عوض 4 وکٹیں شامل ہوئی ہیں، آئی سی سی امپائر آف دی ایئرکے لئے پاکستان کے علیم ڈار اور اسد روٴف کا نام شامل ہے، ویمنز ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کے لئے پاکستان کی کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔