Time 11 اگست ، 2019
دنیا

بھارتی جبر کے باوجود ہزاروں کشمیریوں کا احتجاج، قابض فورسز کے سامنے ڈٹ گئے

کرفیو کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے۔ فوٹو: فائل

بھارت کے تمام تر جبر اور سنسرشپ کے باوجود مقبوضہ کشمیر سے کشمیریوں کے احتجاج کے مناظر دنیا بھر کے سامنے آ گئے۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد سے مقبوضہ وادی میں جذبہ حریت عروج پر پہنچ گیا ہے۔

کشمیری نوجوان قابض افواج کی گولیوں کو خاطر میں نہ لائے اور ہزاروں افراد نے سری نگر کی سڑکوں پر بھارتی اقدامات کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

پوری مقبوضہ وادی بھارتی تسلط کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔ مظاہرین نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر پاکستان سے اپنے والہانہ لگاؤ کا بھی کھل کر اظہار کیا۔

کشمیری عوام کا کہنا ہے نا کشمیریوں نے کبھی بھارت سے الحاق کا فیصلہ قبول کیا اور نا کبھی بھارتی آئین کو تسلیم کریں گے۔

خیال رہے کہ بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی نے 5 اگست کو صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کا آرٹیکل 370 ختم کر دیا تھا۔

پاکستان نے بھارت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے جانے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ چین نے بھی پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :