Time 12 اگست ، 2019
پاکستان

پاکستانیوں نے عید الاضحیٰ مقبوضہ وادی کے کشمیریوں سے منسوب کردی


پاکستان میں آج عید الاضحیٰ مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار مظلوم کشمیریوں سے منسوب ہونے کے باعث مذہبی عقیدت اور سادگی سے منائی گئی۔

اے ایف پی فوٹو

عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے جن کے لیے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔

نماز عید کے اجتماعات میں کشمیر کی آزادی، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

صدر مملکت عارف علوی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فیصل مسجد اسلام آباد میں جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا اسلام آباد میں نماز عید ادا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اور گورنر چوہدری سرور نے بادشاہی مسجد لاہور، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور کابینہ کے ارکان نے کمشنر ہاؤس کراچی میں نماز عید ادا کی۔


گورنر اوروزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی اور لوگوں سے گلے بھی ملے۔

سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور رہنما ن لیگ اقبال ظفر جھگڑا نے مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ 

نماز کے بعد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ایک ریلی میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم آزادکشمیر نے بھی شرکت کی ۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کے سلسلے میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوا جو عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں :