17 اگست ، 2019
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے والے فاسٹ بولر محمد عامر، برطانیہ کی ایسکس کاؤنٹی کی جانب سے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔
ہفتے کو ایسکس کاؤنٹی نے تصدیق کی کہ محمد عامر نے اپنے معاہدے میں توسیع کردی ہے اور وہ بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ ایک فرسٹ کلاس میچ بھی کھیلیں گے۔
27سالہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور مستقبل میں وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔
محمد عامر کا دنیا کا بہترین اور باصلاحیت فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ قرار دیا گیا تھا لیکن انہوں نے 66 فرسٹ کلاس میچوں میں شرکت کی اور 254 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں جو کھلاڑی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں، ان میں سب سے اہم نام فاسٹ بولر محمد عامر کا ہے۔
گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وہ’ اے‘ کیٹگری میں شامل تھے لیکن اب انھیں ’سی‘ کیٹگری دی گئی ہے جس کی وجہ محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔
محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اپنے کیرئیر کو طول دینے کیلئے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ رہے ہیں اور وائٹ بال کرکٹ میں قسمت آزما رہے ہیں جہاں پیسہ بھی زیادہ ہے۔ وہاب ریاض بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا چاہتے ہیں۔