Time 18 اگست ، 2019
انٹرٹینمنٹ

بالی وڈ اداکارہ سونم کپور بھی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسردہ

مسئلہ کشمیر پُرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے: سونم کپور۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پُر امن طریقے سے حل ہونا چاہیے لیکن ساتھ ہی اداکارہ نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

نامور اداکار انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور نے بی بی سی کو حال ہی میں انٹرویو دیا جس میں انہوں نے خطے میں کشیدہ صورتحال پر اظہار افسوس کیا۔

اداکارہ سونم کپور کا پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر کہنا تھا کہ میں بہت محب وطن ہوں اور اس وقت جہاں حالات پہنچ چکے ہیں اسے دیکھ کر کافی دکھ ہوتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ 70 برس پہلے دونوں ممالک ایک تھے اور حقیقت یہ ہے کہ تفرقہ انگیز سیاست کھیلی جاتی ہے جس سے دل ٹوٹتا ہے تاہم مجھے لگتا ہے میرے لیے بہتر ہے کہ میں اس وقت خاموش رہوں اور اسے گزرنے دوں کیونکہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا رواں برس فروری میں بھارت کے پلوامہ حملے پر جنگ کو بڑھاوا دینے پر تنقید کا شکار بنیں اور اسی وجہ سے چند روز قبل لاس اینجلس میں منعقد ایک بیوٹی ایونٹ میں بھی انہیں پاکستان نژاد امریکی خاتون نے منافق کہا تھا۔

مسئلہ کشمیر سے متعلق سونم کپور نے کہا کہ یہ بہت مشکل ہے اور میں اسے اتنا زیادہ نہیں جانتی کیونکہ اس حوالے سے مختلف اور سچ کے برعکس خبریں پھیلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے مجھے واقعی نہیں پتا سچ کیا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں یہ سمجھتی ہوں کہ جو کچھ بھی چل رہا ہے اس پر سکون سے بات چیت ہو اور سمجھا جائے، جب اس بارے میں میرے پاس مکمل معلومات ہو گی تب میں اس پر اپنی رائے دے سکتی ہوں۔

سونم کپور نے بتایا کہ میرے والدین نے میرا نام اس وقت رکھا جب وہ کشمیر کی سیر کر کے آئے تھے لیکن جب سے وہاں تناؤ ہے میں تب سے وہاں نہیں جا سکی ہوں۔

اداکارہ نے مقبوضہ کشمیر کے لیے امن کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں پتا سب کیسے ٹھیک ہوگا لیکن وہاں امن ہونا چاہیے کشمیر ایک خوبصورت جگہ ہے جو بہت زیادہ خوف کی فضا میں ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں بالی وڈ فلموں، اشتہارات اور ڈراموں پر عائد پابندی سے متعلق سونم کپور نے کہا کہ 'بحیثیت فنکار آپ چاہتے ہیں کہ آپ ہر جگہ اپنا کام پیش کریں اور اسے نمایاں کریں'۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم 'نیرج' پاکستان میں نہیں ریلیز کی گئی جب کہ وہ ایک کراچی کی سچی کہانی تھی جس میں کہیں بھی پاکستان کو منفی نہیں دکھایا گیا جس پر بےحد دکھ ہے۔

سونم کپور نے مزید بتایا کہ میرے پاس تو پاکستانی فالوورز کی بڑی تعداد ہے ساتھ ہی میرے دو مسلمان دوست پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔   

مزید خبریں :